PARC
وزیراعظم کی ھدایات

وزیراعظم کی ھدایات

آئین پاکستان کی دفعہ 251کے تحت اردو زبان کےسرکاری اور دیگر مقاصد کےلیے استعمال کا تقاضا کرتی ہے ۔عدالت عظمیٰ پاکستان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے قومی زبان کو دفتری زبان کے طور پر رائج کرنے کے آئینی تقاضے پر عمل درآمد نہ کرنےپر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلبی کی۔وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ کو یقین دہانی کراتے ہوئے وفاقی حکومت کے ماتحت تمام وزارتوں اور خو د مختار و نیم خود مختار اداروں ،کارپوریشنوں وغیرہ کو کابینہ سیکرٹریٹ ، کابینہ ڈویژن ،حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ گشتی مراسلہ نمبر 1/Prog/2015مورخہ 6 جولائی 2015ء کے ذریعے فور ی طور پر درج ذیل اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔

  • وفاق کے زیر انتظام کام کرنےو الے تمام ادارے (سرکاری و نیم سرکاری )اپنی پالیسیوں کا تین ماہ کےاندر اردو ترجمہ شائع کریں ۔
  • وفاق کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارے (سرکار ی و نیم سرکاری )تمام قوانین کا اردو ترجمہ تین ماہ میں شائع کریں ۔
  • وفاقی حکومت کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارے (سرکار ی و نیم سرکاری )ہر طرح کے فارم تین ماہ میں انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی فراہم کریں ۔
  • تمام عوامی اہمیت کی جگہوں مثلاً عدالتوں ،تھانوں ، ہسپتالوں ، پارکوں ، تعلیمی اداروں ، بینکوں وغیرہ میں راہنمائی کےلیے انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی بورڈ آویزاں کیے جائیں ۔
  • پاسپورٹ آفس ، محکمہ انکم ٹیکس ، اے جی پی آر، آڈیٹر جنرل آف پاکستان ، واپڈا، سوئی گیس ،الیکشن کمیشن آف پاکستان ، ڈرائیورنگ لائسنس اور یوٹیلٹی بلوں سمیت تمام دستاویزات تین ماہ میں اردو میں فراہم کریں ۔
  • پاسپورٹ کے تمام اندراجات انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی منتقل کیے جائیں ۔
  • وفاقی حکومت کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارے (سرکار ی و نیم سرکاری )اپنی ویب سائٹ تین ماہ کے اندر اردو میں منتقل کریں ۔
  • پورے ملک میں چھوٹی بڑی شاہراہوں کے کناروں پر راہنمائی کی غرض سے نصب سائن بورڈ تین ماہ کے اندر انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی نصب کیے جائیں ۔
  • تمام سرکاری تقریبات /استقبالیوں کی کارروائی مرحلہ وار تین ماہ کے اندر اردو میں شروع کی جائے ۔
  • صد ر مملکت ، وزیر اعظم اور تمام وفاقی سرکاری نمائندے اور افسر ملک کےاندر اور باہر اردو میں تقاریر کریں اور اس کام کا مرحلہ وار تین ماہ کے اندر آغار کر دیا جائے ۔
  • اردو کے نفاذ و ترویج کے سلسلے میں ادارہ فروغ قومی زبان کو مرکزی حیثیت دی جائے تاکہ اس قومی مقصد کی بجا آوری کے راستے کی رکاوٹوں کو موثر طریقے سے جلد از جلد دور کیا جاسکے ۔